ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل میونسپالٹی صدر پرویز قاسمجی کی پریس کانفرنس، کہا: ہرایک کام شفافیت کےساتھ انجام دیاگیا ہےکوئی بے ایمانی نہیں ہوئی ہے

بھٹکل میونسپالٹی صدر پرویز قاسمجی کی پریس کانفرنس، کہا: ہرایک کام شفافیت کےساتھ انجام دیاگیا ہےکوئی بے ایمانی نہیں ہوئی ہے

Mon, 07 Mar 2022 21:16:40    S.O. News Service

بھٹکل :7؍ مارچ  (ایس اؤ نیوز)7مارچ کو میونسپالٹی میں پریس کانفرنس منعقد کرتےہوئےمیونسپالٹی صدر پرویز قاسمجی نے ان پر لگائے گئےسبھی الزامات کا دستاویزی ثبوت کے ساتھ کرارا جواب دیتے ہوئے اس بات کو ثابت کرنے کی کوشش کی ہے کہ حال ہی میں ایک کونسلر (پاسکل گومس) نے ان پر جو سنگین الزامات عائد کئے تھے، سبھی کے سبھی بے بنیاد ہیں۔

انہوں نے کہاکہ میونسپالٹی کی جانب سے جو بھی کام کئےگئےہیں وہ جنرل میٹنگ میں سبھی ممبران کی منظوری اور ڈی سی کی توثیق سے ہی کئے گئےہیں اور  ٹکنیکل ماہرین کی جانچ کے بعد ہی متعلقہ کام کے بل کی ادائیگی ہوئی ہے۔

صدر میونسپالٹی نے ایک ایک الزام کے جواب میں متعلقہ دستاویزات مع تصاویر پیش کرتےہوئے ہرایک تفصیل کو سامنے رکھا۔ اور میڈیا نمائندوں سے کہاکہ ہر کام شفافیت کے ساتھ انجام دیاگیا ہے اور ان سبھی دستاویزات کو دیکھ سکتےہیں۔

صدر میونسپالٹی نے بتایا کہ اربن بینک سےمتصل گارڈن کے متعلق 19ستمبر 2021کی ممبران کی عام میٹنگ میں قرارداد منظور کی گئی تھی۔ ہر ممبر اس سے واقف ہے ۔ ڈی سی کی توثیق کے بعد ای ٹینڈر کے ذریعے کام کو انجام دیاگیا ہے۔ عام میٹنگ میں منظوری کے بعد طئے شدہ نقشہ کے تحت کام کیاجاتاہے۔ ماہرین جائے وقوع پر پہنچ کر اس کا معائنہ کرتےہیں پھر اس کے بعد بل کی ادائیگی ہوتی ہے۔ انہوں نے پرانے سامان کے استعمال کرنےو الے الزام کو مسترد کرتےہوئے کہاکہ جائے وقوع پر جا کر دیکھ سکتےہیں اور یہ تصویریں اس کی گواہی پیش کررہی ہیں کہ پورا نیا کام ہواہے۔

کچرانکاسی مرکز (سالڈ ویسٹ مینجمنٹ) کے متعلق لگائے گئے 8کروڑ روپئے گھپلے کے الزام کا انہوں نے مذاق اڑاتے ہوئے کہاکہ جو 8کروڑ روپئے وزیر اعلیٰ نے مجھے دئیے تھے وہ میں نے اسی کونسلر کو پکڑنے کے لئے دیا تھا اور وہ اس بیگ کو لے کر بھاگ گیا ہے۔ اس کے بعد انہوں نے کہا اس معاملےکو لےکرمجھے بھی تعجب ہوا۔ کیونکہ جو بھی کام ہوتاہے وہ ڈی سی کے توسط سے ہوتاہے ۔ اس تعلق سے بھٹکل میونسپالٹی کو ابھی تک ایک روپیہ نہ آیا نہ یہاں سےگیا۔ انہوں نے بتایاکہ متعلقہ کام میرے دورکا نہیں بلکہ جب یہاں کا ایڈمنسٹریشن بھٹکل کے اسسٹنٹ کمشنر کر سپرد تھا اس وقت جو عملی نقشہ 80لاکھ روپئے کا تیار کرکے بھیجا گیا تھاوہی کام ہو رہا ہے۔ متعلقہ کام کے لئے ڈی سی ٹینڈر بلاتےہیں اور میں نے جنرل میٹنگ میں ممبران کو اس کی جانکاری بھی دی تھی۔ ہمارا کام صرف ہونےو الے کام کی نگرانی کرنا ہوتاہے۔ اس کے سواکوئی ایک روپیہ ہماری طرف سے نہ جاتاہے نہ آتاہے۔ حتی ٰ کا اس کا بل بھی ڈی سی کے ذریعے ادا ہوتاہے۔ ہاں! ہم انہیں صرف جگہ اور کام کے متعلق جانکاری دیتےہیں۔

اسٹریٹ لائٹ کےالزام پر انہوں نےکہاکہ 16نومبر کو ممبران کی عام میٹنگ میں اس کی منظوری لی گئی تھی جس میں پاسکل گومس بھی موجود تھے۔ ڈی سی کی توثیق کے بعد ای ٹینڈر بلایا گیا۔ 5لاکھ روپئے کا منصوبہ ہے۔ حکومت کے طئے شدہ اصولوں کے مطابق آئی ایس اؤ ٹریڈ مارک کمپنی کے سامان ہی استعمال کئے گئےہیں۔ ہمیں جو کمپنی لائٹ سپلائی کررہی ہے وہ سن لائٹ کمپنی ہے۔ یہی کمپنی منگلورو کارپوریشن، اڈُپی اور کمٹہ کی میونسپالٹی اور جالی پٹن پنچایت کو بھی لائٹ سپلائی کرتی ہے۔ جب کمپنی آئی ایس اؤ ٹریڈ مارک کی ہے تو چائنا میڈ وغیرہ کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔خاص کر جو ممبران کی خصوصی میٹنگ کی بات ہورہی ہے  اس میں بھی پاسکل گومس موجود تھے اس کے باوجود جانکاری نہیں ہونے کی بات کہنا سفید جھوٹ ہے۔  صدر میونسپالٹی نے کہاکہ دراصل الزام لگانے والے ممبر نے بھی اپنے ایک فرد کی طرف سے ای ٹینڈر ڈالاتھا اور مجھ پر دباؤ بنایا گیا تھا کہ اسی کو منظوری دیں تو میں نے نہیں دی تھی۔

انہوں نے اپنی ذاتی عمارت کے ٹیکس کی ادائیگی پر پچھلے 15-20برسوں سے ادا کئے گئے ٹیکس دستاویزات کو سامنے رکھتے ہوئے کہاکہ میں وقت سے پہلے اپنی عمارت کا ٹیکس ادا کرتاہوں۔ اسی طرح انہوں نے بھٹکل کانونٹ اسکول کے متعلق لگائے گئے فرقہ وارانہ الزام کا بھرپور جواب دیتےہوئے بتایاکہ خود کانونٹ اسکول والوں کی درخواست پر یہ سب ہواہے۔ انہیں فارم نمبر 3کی ضرورت تھی جو میونسپالٹی سےمانگی گئی تو اصولوں کے مطابق ٹیکس وغیرہ کی ادائیگی ضروری تھی ، کئی برسوں سے انہوں نے ٹیکس ادا نہیں کیاتھا اس میں کمی کرتےہوئے انہیں ٹیکس ادا کرنےکا موقع دیاگیا ہے۔ ہم نے کانونٹ والوں پر کوئی دباؤ نہیں ڈالا ہے۔ البتہ خود الزام لگانےو الے ممبر پاسکل گومس  کانونٹ کو فارم نمبر تین نہ دینے کی بات کہہ رہےہیں ۔ اس تعلق سے پاسکل گومس نے 18جون 2021کو عرضی سونپتے ہوئےا عتراض جتایا ہے کہ کانونٹ والوں کو فارم نمبر 3نہ دیں۔ جب کہ کانونٹ والوں نے اپریل میں فارم کے لئے درخواست دی تھی۔ پاسکل گومس کی طرف سے دی گئی عرضی کو پرویز قاسمجی نے میڈیا والوں کے سامنے پیش کردیا اور اپنی عیسائی کمیونٹی کے لئے اس کے کیا خیالات ہیں، اسے اجاگر کردیا 

صدر میونسپالٹی نے کہاکہ اس کے علاوہ بی ای اؤ دفتر کے پڑوس میں ایک اتی کرم گھر ہے۔ وہاں کے ممبرس کہہ رہےہیں کہ وہاں اندھیرا رہتاہے بجلی کاانتطام کریں ۔ جب کہ یہی ممبرپاسکل گومس ہمارے افسران کو بی کا کام کرنے سے روکتےہیں کہ وہاں لائٹ نہ لگائیں۔ کیونکہ جو کچھ وہاں ہورہاہے وہ اندھیرےمیں ہی ہونا اچھا ہے۔ اب میں یہاں بیٹھ کر نہیں بتا سکتا کہ وہاں اندھیرےمیں کیا کچھ ہورہاہے۔ آپ دیکھ لیجئے۔

قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کی حمایت سے منتخب ہوکر میونسپل صدر منتخب ہونے والے جناب پرویز قاسمجی نے ہر الزام کو دستاویزی ثبوت کے ساتھ  اس بہترین انداز میں پیش کیا کہ انہوں نے میڈیا نمائندوں کے سامنے کسی بھی طرح کے شک و شبہ کی گنجائش ہی باقی نہیں رکھی۔ پریس کانفرنس میں انہوں نے اس بات کا اشارہ بھی دیا کہ ان پر بے جا الزامات عائد کرنے پر وہ تادیبی کاروائی بھی کرنے والے ہیں۔


Share: